پاکستانی شہریوں پر طورخم بارڈر سے افغانستان میں داخلے پر پابندی
06:00 AM, 14 Sep, 2021
کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان نے پاکستانیوں پر پابندی عائد کردی ہے اور اب وہ طور بارڈر کے راستے افغانستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے، یہ پابندی اس وقت لگائی گئی ہے جب پاکستان نے تین ماہ سے افغانیوں پر طورخم بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ افغان بارڈر پولیس کی طرف سے جاری کئے جانیوالے ایک بیان کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے پاکستانی حکومت کی طرف سے افغان باشندوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد ہے، پاکستانیوں شہریوں کے داخلے پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔ یاد رہے کہ 16جون سے افغان شہریوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد ہے اور اس کی وجہ کورونا ایس او پیز قرار دی جا رہی ہے، افغانستان کی طرف سے پاکستانیوں شہریوں پر اس پابندی کے حوالے سے صحافتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مساوی حکومتی تعلقات کے قیام کی طرف سے افغان حکومت کا ایک اشارہ ہے۔