پاکستانی تاریخ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
08:03 AM, 14 Sep, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان کی تاریخ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جب مزید 85 پیسے مہنگے ہونے کے بعد انٹرمارکیٹ میں اس کی سطح 168.95 روپے تک پہنچ گئی، گزشتہ چار ماہ میں ڈالر 16 روپے 67 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جب انٹربینک میں ڈالر مزید 85 پیسے مہنگا ہوگیا، مزید اضافہ کے بعد اب ڈالر کی قیمت پاکستانی روپے میں 168.95 تک جا پہنچی ہے۔ اس سے قبل انٹربینک میں ڈالر کی بلند سطح 168.58 روپے تھی ، 7 مئی2021 کو انٹربینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا جبکہ گزشتہ چار ماہ میں ڈالر16 روپے 67 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔ ایک طرف ڈالر کی قیمت پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف حکومت کی طرف سے مسلسل پاکستانی معیشت میں بہتری کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔