کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں شکست، پی ٹی آئی قیادت نے سر جوڑ لیے
05:44 PM, 14 Sep, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) کنٹونمٹ بورڈ انتخابات کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بڑا اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں میں غیر متوقع نتائج کے اسباب کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی قائدین نے اپنے علاقوں کے انتخابات کے نتائج پر وزیر اعظم کو الگ الگ بریفنگ دی۔ کسی نے مس مینجمنٹ تو کسی نے بعض حلقوں میں مبینہ دھاندلی یا لسٹوں کا ذکر کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی نے ممکنہ طور پر مہنگائی تو کسی نے پارٹی کی تنظیم سازی کو الیکشن نتائج سے جوڑا۔ رپورٹ میں سامنے آیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین ہوتی تو نتائج ایسے نہ ہوتے۔ وزیر اعظم نے پارٹی کویونین کونسل، تحصیل اور ضلعی سطح پرفعال بنانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے عامر محمود کیانی اور سیف اللہ نیازی کو ملک بھر کے دورے کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ پارٹی کی تنظیم سازی پر بھی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر پلاننگ اسد عمر،وزیر شپنگ علی زیدی، وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیر تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری جنرل عامر کیانی، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سینیٹر اعجاز چودھری شریک ہوئے۔