آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پنوں عاقل کا دورہ

05:46 PM, 14 Sep, 2021

احمد علی
پبلک نیوز: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پنوں عاقل کا دورہ، آرمی چیف کو صحرائی فارمیشن کی فیلڈ ٹریننگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے صالح پٹ میں فیلڈ فائرنگ رینجز میں فارمیشن کی تربیت کا معائنہ کیا۔ ٹریننگ میں شریک دستوں نے صحرا میں فائر اور جنگی نقل و حرکت کا مظاہرہ کیا۔ صحرا میں دفاعی نوعیت کی انٹیگریٹڈ بیٹل ڈرلز کا مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے کٹھن حالات میں دستوں کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور بلند حوصلے کو سراہا۔ سربراہ پاک فوج نے کہا کہ جنگ کے دوران دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہتھیاروں اور سروسز کے درمیان اشتراک کار لازم ہے۔ آرمی چیف نے سرسبز وشاداب پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ دشوار گزار صحرائی حالات میں مادر وطن کے دفاع اور ماحول کے تحفظ کیلئے اقدامات پر آرمی چیف نے فارمیشن کو سراہا۔ آرمی چیف سے پنوں عاقل کے گاؤں داتر ڈینو میں شہید سپاہی حزب اللہ جتوئی کے اہلخانہ نے ملاقات کی۔ سپاہی حزب اللہ جتوئی 5 ستمبر کو ایف سی دستوں پر آئی ای ڈی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
مزیدخبریں