کےپی بورڈ آف ریونیو کے وفد کا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ہیڈ آفس کا معلوماتی دورہ
12:02 PM, 14 Sep, 2022
لاہور: خیبر پختونخوا کے بورڈ آف ریونیو کے وفد نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ہیڈ آفس کا معلوماتی دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواکے اضلاع کی کمپیوٹرائزیشن سے متعلق وفد نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ہیڈ آفس کا مطالعاتی دورہ کیا اور پنجاب لینڈریکارڈ اتھارٹی کے افسران سے میٹنگ کی۔ دورے کا مقصدخیبر پختونخوا کے افسران کو صوبہ پنجاب کے کو کمپیوٹر ائز لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ وفد میں اعجاز الرحمن، عطا الرحمن اور دیگر افسران نے پی ایل آر اے کا دورہ کیاوفد 14اور 15 ستمبردو دن پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں مختلف شعبہ جات سے متعلق بریفنگ لے گا جس میں کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ زسے متعلق تکینکی معاونت اور رہنمائی شامل ہے۔ وفد کو پلرا کی عوام دوست اصلاحات آن لائن فرد کا اجرا، 143تحصیلوں میں رجسٹری کی کمپیوٹرائزیشن،اورخود کار طریقہ کار سے انتقال، امریکہ،برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سفارتخانوں میں اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات، موضع کی سطح پر دیہی مراکز مال کا قیام، ڈویژن کی سطح پر 10 ای خدمت مراکز سے خدمات کی فراہمی۔2200 نادرا ای سہولت سنٹر سے فرد برائے ریکارڈ کا اجراء اور زرعی قرضہ جات کے حصول میں آسانی کے لیے بینکوں کو لینڈ ریکارڈ ز ڈیٹا تک محفوظ رسائی، اور یونیورسل رسائی کی بدولت پنجاب کے کسی بھی اراضی ریکارڈ سنٹر سے کسی دوسری تحصیل و ضلع کی اراضی ریکارڈ خدمات کی تفصیلات سے آگا ہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی اسامہ بن سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنزعثمان احمد صاحب نے وفد کو بتایا کہ 212 اراضی ریکارڈ سنٹر ز اور 20 موبائل اراضی ریکارڈ سنٹر ز کے ذریعے سالانہ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو فرد اور انتقال کی خدمت فراہم کی جارہی ہیں جس سے سالانہ سرکاری خزانے میں کم و بیش سوا پندرہ ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔ کیپٹن اکرام الحق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل(ایڈمن) نے وفد کے ڈائریکٹر آئی ٹی حیات خان کو شیلڈ پیش کی اور وفد نے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔