ہمارا موقف پاکستانی فوج نے واضح کردیا: امریکا

05:28 AM, 15 Apr, 2022

احمد علی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی فوج کے حالیہ بیان سے متفق ہیں. امریکا نے پاکستان کی حکومت کیخلاف کسی قسم کی کوئی سازش نہیں کی۔ یہ اہم بات انہوں نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہی۔ نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ جو الزامات ہم پر لگائے جا رہے ہیں، ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ مبینہ سازش کے حوالے سے امریکا کا بڑا واضح پیغام ہے۔ اس موقع پر سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں موجود ایک صحافی نے امریکی ترجمان سے پوچھا کہ نومنتخب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ترقی، امن اور سلامتی کا مشترکہ ہدف حاصل کرنے کیلئے چاہتے ہیں کہ امریکا کیساتھ تعلقات بہتر ہوں۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اقتدار میں آنے سے دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ کی جانب سے نئے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام بھیجا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ 75 سالوں سے امریکا اور پاکستان کے دو طرفی تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں خوشحالی، امن اور وسیع تر مفاد میں ہم نئی پاکستانی حکومت کیساتھ ورکنگ ری لیشن شپ بڑھانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکا کی جانب سے دیئے گئے مبارکباد کے پیغام میں یہی جذبہ کارفرما تھا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہمارا اس معاملے پر بالکل واضح موقف ہے کہ ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ امریکا کبھی کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں کرتا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ہمیشہ قانون کے تحت مساوی انصاف سمیت وسیع تر اصولوں کی حمایت کی۔ پاکستان ہو یا دنیا کا کوئی بھی دوسرا ملک امریکا صرف قانون کی حکمرانی چاہتا ہے۔
مزیدخبریں