ساجد سدپارہ نے دنیا کی 10ویں سب سے بڑی چوٹی بغیر آکسیجن سر کرلی

05:05 PM, 15 Apr, 2023

احمد علی
مرحوم کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ نے دنیا کی 10ویں سب سے بڑی چوٹی اناپورنا کو بغیر آکسیجن سر کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سیون سمیٹ ٹریک ٹیم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ نیپال کی مشکل ترین چوٹیوں میں شامل اناپورنا کو ساجد سدپارہ نے بغیر آکسیجن کے سر کرلیا ہے، اناپورنا پہاڑ کی بلندی 8091 میٹر / 26545 فٹ ہے جب کہ یہ پہاڑ سلسلہ کوہ ہمالیہ میں واقع ہے ۔ ساجد سدپارہ کی جانب سے چوٹی سر کرنے کے بعد ٹوئٹ کیا گیا کہ یہ ’’پاکستان کیلئے بہت بڑی کامیابی اور میرے لیے اعزاز کی بات ہے‘‘۔ خیال رہے کہ ساجد سدپارہ نے دوسری مرتبہ بغیر آکسیجن کے 8611 میٹر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سال 2021 میں سر کی تھی ، وہ اس دوران اپنے مرحوم والد معروف کوہ پیما علی سدپارہ کا جسد خاکی ڈھونڈنے کی مہم پر تھے ۔ ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ محمد علی سدپارہ کے جسد خاکی کو کیمپ فور سے لانا ناممکن تھا جس کے باعث ان کی تدفین وہیں کر دی گئی ۔
مزیدخبریں