ٹرین میں پولیس اہلکار کےتشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش بر آمد

09:36 AM, 15 Apr, 2024

ویب ڈیسک: کراچی میں چنی گوٹھ ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش ملی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 7 اپریل کی رات ریلوے پولیس اہلکار تشدد کے بعد خاتون کو اپنے ساتھ لے گیا تھا، خاتون کا تعلق جڑانوالہ سے تھا۔

یاد رہے کہ ملت ایکسپریس میں پیش آنے والے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد آئی جی ریلویز پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔

خاتون پر ہاتھ اٹھانے والے کانسٹیبل میر حسن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اہلکار ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔

خاتون کے بھائی افضل کے مطابق بہن کراچی کے ایک بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی تھی اور عید منانے کیلئے کراچی سے جڑانوالہ آ رہی تھی۔

بھائی نے حکام سے مطالبہ کیا کہ بہن پر تشدد کے بعد اس کی موت کی بھی تحقیقات کی جائے۔

ویڈیو میں یہ بھی سنا گیا تھا کہ خاتون کہہ رہی تھی کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔

واقعہ کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالله شیخ نے کہا تھا کہ ایسے اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ایسا بد اخلاق عمل کسی بھی طرح قابل قبول نہیں، واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ سخت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا تھا کہ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف تفتیش عمل میں لائی جارہی ہے۔

مزیدخبریں