ٹک ٹاک بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا، نوجوان دوست کے فائر سے جاں بحق

02:57 PM, 15 Apr, 2024

ویب ڈیسک: بورےوالا تھانہ گگومنڈی کے علاقہ میں نویں کلاس کا طالب علم ٹک ٹاک بناتے ہوئے اپنے ہی دوستوں کا فائر لگنے سے قتل، پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گگومنڈی کے گاوں221/ای بی نہر کے قریب نویں کلاس کا طالب علم ٹک ٹاک بناتے ہوئے اپنے ہی دوستوں کے پسٹل کا فائر لگ جانے سے جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں ملزمان کا سراغ لگا لیا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول ثاقب اور اسکے دوست نہر کنارے پسٹل کے ساتھ ٹک ٹاک بنا رہے تھے کہ گولی چل گئی اور سر میں گولی لگنے سے ثاقب موقع پر ہی جانبحق ہوگیا۔ 

ملزمان اور مقتول پب جی گیم کے بھی شوقین بتائے جاتے ہیں۔ مقتول کا موبائل جس میں آخری ٹک ٹاک بنائی گئی اس کا پاسورڈ ملنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ مقتول کے موبائل سے وقوعہ سے پہلے بنا کر اپ لوڈ کی گئی آخری ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ 

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں