عمران خان سچ چھپانے کیلئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں
08:54 AM, 15 Aug, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلیکٹد ٹولے کی میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نا منظور اور مسترد کرتے ہیں، میں بتاتی ہو ں میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیوں لا رہے ہیں ، کوئی عمران صاحب کو تاریخی الیکشن چور، سلیکٹڈ،کرپٹ نہ کہے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ آپ ملک میں آمریت، فسطائیت ،بی جے پی اور نازی پارٹی کی سوچ مسلط کررہے ہیں، اس لئے یہ ڈرامہ کیاجارہا ہے ، سچ کا گلا گھوٹنے والی کٹھ پتلیاں جھوٹ کی پیروکار ہیں،اس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر آمریت مسلط کی جارہی ہے ، عمران صاحب میڈیا اتھارٹی بل کے ذریعے ملک میں سول مارشل لاءایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب اور عوام کی نمائندہ حکومت عوام اور میڈیا کی رائے، تنقید سے نہیں گھبراتی، منتخب اور مسلط میں یہی فرق ہے ، ہمارے ملک میں22 کروڑ عوام ہیں جس کا عمران صاحب آٹا اور چینی کھا گئے ، اِس لئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں ، عوام کا بجلی گیس اور روزگار چوری کر لیا، اِس پر میڈیا بات نہ کرے اِس لئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین سال سے میڈیا اور صحافیوں پہ حملے اور اب میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، دن دیہاڑے صحافیوں کو گولیاں مارے، ڈنڈے برسائے اور کوئی بات نہ کرے، اِس لئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں، تاریخی مہنگائی اور قرض پر کوئی بات نہ کرے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 74 سال کی اس نالائق ، نااہل اور کرپٹ ترین حکومت پر کوئی بات نہ کرے، اس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، ظالمانہ مہنگائی ، بدترین خسارے ، قرض پر کوئی بات نہ کرے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، کشمیر فروشوں کو کشمیر فروش نہ کہو اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا اتھارٹی عوام کی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے اور الیکشن چوری کرنے کے لئے لائی جا رہی ہے، ایک طرف عمران مافیا کی الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور دوسری طرف میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی ؟عوام سب جانتے ہیں،الیکٹرونک ووٹنگ مشین ووٹ دے تو اخبار، ٹی وی ، سوشل میڈیا کا منہ بند رہے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لائی جا رہی ہے۔