سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

06:35 AM, 15 Aug, 2022

احمد علی
پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نےسعودی عرب کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ دفاع، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدلالعزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی قوم کو 75 ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
مزیدخبریں