نوازشریف ستمبر میں پاکستان آ رہے ہیں، جاوید لطیف
11:22 AM, 15 Aug, 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف ستمبر میں اس قوم کی نمائندگی کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ لیگی رہنما جاوید لطیف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ غیرملکی کمپنیوں نے آپ کو جو فنڈنگ کی وہ کن مقاصد کے لیے تھی؟ تمہیں پیسہ دینے کا مقصد کیا تھا؟۔انہوں نے کہا کہ روپیہ آج پھر بہتر ہونا شروع ہوا ہے تو تم پھر کہہ رہے ہو میں جلسے جلوس کروں گا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف کو نکال کر اس کو لانے والے سب کچھ سامنے آنے کے بعد بھی کچھ نہیں سیکھیں گے، آج بھی کچھ لوگ اس کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں ہمیں معلوم ہے۔ اگر اسے چند لوگوں کی آج بھی حمایت نہ ہو تو یہ بنی گالہ نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جس آزادی انقلاب کا ذکر کرتا ہے اس سے پوچھو روڈ میپ کیا ہے؟، چیف الیکشن کمشن کے فیصلے کے بعد یہ صادق اور امین نہیں رہا۔ کال کوٹھری نہیں تو کم از کم روشنی والی کوٹھری میں جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ لیگی رہنما جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نوازشریف ستمبر میں اس قوم کی نمائندگی کے لیے پاکستان آ رہے ہیں ، ہم نوازشریف کو جیل نہیں جانے دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جیسے لوگ مختلف ادوار میں اپنا رول ادا کرتے رہے ہیں۔