ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شہید ہونے والوں میں ضلع کرم کے حوالدار نثار حسین شامل ہیں۔ ضلع کرم کے نائیک راشد گل بھی فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے تھے۔ ضلع لکی مروت کے نائیک عرفان اللہ اور ضلع ہری پور کے سپاہی رفاقت حسین بھی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آرنے بتایا کہ شہداء کو اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔
پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہار تعزیت
جنوبی وزیرستان میں 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ رب العالمین کے حضور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جرت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہی جوانوں کی قربانیوں کی بدولت قوم نے جشنِ آزادی پر امن ماحول میں منایا۔ قوم ان جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشتگردی کا خاتمہ اور امن و امان کی بہتری خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔