ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے اہم ریمارکس میں استفسار کیا ہے کہ اگر درخواستگزار متاثرہ فریق نہیں تو درخواست کیسے دائر کرسکتا ہے؟
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شکیل احمد نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری طور پر طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش ہوں اور معاونت کریں۔ درخواست گزار متاثرہ فریق کس طرح ہے؟ درخواست گزار اگر متاثرہ فریق نہیں تو یہ درخواست کیسے دائر کرسکتا ہے؟
وکیل درخواستگزار نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسی نوعیت کی اور درخواستیں عدالت عالیہ میں زیر التوا ہیں۔ ان درخواستوں میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان سمیت الیکشن ایکٹ کی دفعات چیلنج کی گئی ہیں۔ منیر احمد کی الیکشن ایکٹ کیخلاف درخواست لارجر بنچ کے روبرو بھی زیر سماعت ہے۔ تمام درخواستوں میں الیکشن ایکٹ کی دفعات چیلنج کی گئی ہیں۔
درخواست میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر، سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرکے اس کا اطلاق ماضی سے کیا گیا ہے۔ کسی بھی قانون کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے سپریم کورٹ کی نشستوں کے فیصلے کو بے اثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔