قومی ہیرو ارشد ندیم نے طویل عرصے بعد ملک و قوم کو عزت دلائی،گورنر سندھ

10:42 AM, 15 Aug, 2024

ویب ڈیسک: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد ارشد ندیم نے ملک و قوم کو عزت دلائی۔

اولمپئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں، ارشد ندیم کے مشکور ہیں جنہوں نے قوم کو عزت دلائی، آج ہمارے ساتھ گورنر ہاؤس میں ارشد ندیم موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل گورنر ہاؤس سندھ میں ارشد ندیم کیلئے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جہاں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، کل سندھ کے لوگوں کے نعروں سے گورنر ہاؤس گونج اٹھا، لوگوں نے ارشد ارشد کے نعرے لگائے، ہماری بزنس مین کمیونٹی نے بھی بہت سے اعلانات کئے، سوشل میڈیا کی بدولت پورے سندھ سے پیغامات آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی پیغام مل رہا تھا کہ ارشد ندیم حیدر آباد، سکھر اور دوسرے شہروں میں آئیں، کل رات گورنر ہاؤس سے ہمارے دوستوں نے 10کروڑ روپے مالیت کی چیزوں کا اعلان کیا، سندھ گورنمنٹ کی جانب سے ارشد ندیم کو 5 کروڑ کا چیک دیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نے اس آزادی کے مزے کو ہزاروں گنا بڑھایا ہے، ہم ارشد ندیم کو شیر پاکستان کا لقب دیتے ہیں، میڈیا چیلنجز، صحافیوں اور چینلز ورکرز کا بھی شکر گزار ہوں، سکیورٹی پر مامور عملے کا بھی مشکور ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور متعلقہ افسران کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مجھے میڈل سے بڑھ کر عزت دی: ارشد ندیم

اس موقع پر اولمپئن گولڈ میڈلسٹ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، والدین اور پوری قوم کی دعاؤں سے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود میرے گاؤں آئیں اور عزت دی، وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم ہاؤس بلایا اور بہت عزت دی، کل کراچی گورنر ہاؤس پہنچا، گورنر سندھ کا بے حد مشکور ہوں، گورنر سندھ  کامران ٹیسوری نے مجھے میڈل سے بڑھ کر عزت دی۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا پیار اور محبت دیکھی، میرے پاس بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں تھے، کراچی کے تاجروں نے میری حوصلہ افزائی کی اس پر ان کا جتنا شکریہ ادا کروں اتنا کم ہے، کھلاڑیوں کو یہی چیزیں آگے لے کر جاتی ہیں۔

اولمپئن گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ سب کا پیار دیکھ کر میرا دل کر رہا تھا مجھے کل جیولن دیں تو میں ورلڈ ریکارڈ قائم کر دوں، مجھے ایسے ہی پیار ملتا رہا تو پاکستان کیلئے مزید گولڈ میڈل حاصل کروں گا، میری طرف سے 100 لیپ ٹاپس گورنر ہاؤس میں پڑھنے والے بچوں کیلئے تحفہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیولن تھرو کرتے ہوئے میری فلنگز بہت اچھی تھی، پہلی تھروٹھیک نہیں کر پایا، دوسری تھرو پر سوچا زیادہ اوور نہیں ہونا، دوسری تھرو پر خود کو کنٹرول کیا وہ کامیاب ہوئی، دوسری تھرو پر اللہ نے کامیابی دی اور ریکارڈ بریک کیا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ اپنے رن اپ پر بہت کام کیا ہے، باقی چیزیں بہت اچھی تھیں، رن اپ پر بہت کام ہونے والا تھا اس پر محنت کی، اللہ نے عزت دی ہے۔

مزیدخبریں