اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل آخری مراحل میں داخل

11:29 AM, 15 Aug, 2024

ویب ڈیسک:راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جاری 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت کی، نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔

اس موقع پر وکلا صفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی گئی، انہوں نے کہا کہ عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کردی ہے اس کی مصدقہ نقول ہمیں فراہم نہیں کی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہمارے متعدد کیسز لگے ہیں لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا صفائی کو گزشتہ سماعت کے آرڈر کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی روسٹرم پر آگئیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوال نامہ دیا تھا لیکن جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کر لے گئے ہیں، میں نیب کے سوال نامے کا جواب تیار کررہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہورہے۔

اسی کے ساتھ عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشریٰ بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔ 

یاد رہے کہ 12 اگست کو احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر 190 پاؤنڈز ریفرنس کو شکایت کی سطح پر بند کرنے کے 2020 کے فیصلے سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مزیدخبریں