گوگل: ویکسینیشن نہ کرانے والے ملازمین کو نکالنے کا اعلان
05:48 AM, 15 Dec, 2021
سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے تمام ملازمین کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے قواعد وضوابط کے تحت کورونا سے بچائو کی ویکسین نہ لگوائی تو انھیں نوکری سے نکال دیا جائے گا۔ یہ انتہائی اہم اعلان گوگل نے ایک نوٹیفیکیشن میں کیا ہے۔ کمپنی نے ملازمین کو یاد دہانی کرائی ہے کہ انھیں مذہبی بنیادوں، طبی مسائل، ویکسی نیشن کا تصدیقی سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کیلئے رواں ماہ 3 دسمبر کا وقت دیا گیا تھا لیکن اس پر مکمل عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آیا۔ امریکی کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد اب ایسے تمام ملازمین سے رابطے شروع کئے جا رہے ہیں جنہوں نے وارننگ سے انحراف کیا اور اس پر عمل کرنے کیلئے حیل وحجت سے کام لیا۔ گوگل حکام کا کہنا ہے کہ جن ملازمین نے آئندہ ماہ اٹھارہ جنوری تک کورونا ویکسی نیشن کے قواعد وضوابط پر عمل نہ کیا، ان کی پہلے ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی کائے گی، اس کے بعد 6 ماہ کی سیلری ضبط کرکے انھیں نوکری سے نکال دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوگل انتظامیہ نے ملازمین کے بارے میں اپنے اعلان پر براہ راست کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ملازمین جو کورونا سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں گے، کمپنی ان کے اور اپنی پالیسی کے پیچھے کھڑی ہے۔