لکی مروت: جلسے میں فائرنگ، سابق وزیر بال بال بچ گئے

07:45 AM, 15 Dec, 2021

Rana Shahzad
لکی مروت: (پبلک نیوز) انتخابی جلسے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ تاہم فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ بال بال بچ گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت بلال خان ولد غلام شاہ عمر تقریباً 40 سال سے ہوئی ہے۔ قاتلانہ حملے میں جاں بحق شخص اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب لکی مروت میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ تحصیل سب ڈویژن بیٹنی کے علاقے بورا خیل میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے کانسٹیبل گل زادہ سکنہ نری کلہ سب ڈویژن بھٹنی زخمی ہو گئے۔ زخمی پولیس اہلکار کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے بعد ملزمان فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ کئی افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
مزیدخبریں