شمالی وزیرستان میرانشاہ میں خودکش حملہ، جوان شہید، 9 شہری زخمی
06:18 AM, 15 Dec, 2022
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش حملہ کے نتیجے میں ایک جوان شہید، 9 شہری زخمی ہوگئے ۔ پاکستان فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں ایک سویلین بھی شہید ہوا ہے جب کہ نو شہری زخمی ہوگئے ہیں، خود کش حملہ 14 دسمبر کو میرانشاہ کے علاقے میں کیا گیا تھا ۔ شہید ہونے والے حوالدار محمد امیر کی عمر 30 سال تھی اور ان کا تعلق میانوالی کے علاقے سے تھا ۔ واضح رہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نئے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی خواتین، افراد اسکول کے بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گرد مایوس ہیں ۔ ریاست نے دہشت گردوں سے آئین کے مطابق نمٹنے کا عزم کیا ہے ، ملک دشمنوں کی نقل و حرکت کو بڑی حد تک محدود کر دیا گیا ہے ، مایوس دہشت گرد عناصر اب اپنے آخری حربے آزما کر ریاست کی توجہ چاہتے ہیں۔