ٹوئٹر کو مقابلہ دینے کیلئے انسٹاگرام پر نئے فیچرز متعارف
07:20 AM, 15 Dec, 2022
فیس بک نے بھی اب ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے اپنی زیر ملکیت سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر پوسٹ اور ٹیکسٹ شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ گروپ چیٹس کے علاوہ چند اور فیچر متعارف کروا دیے ہیں ۔ یہ خبر ایک ہفتہ قبل ہی سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر کے نئے مالک کے بعد اب فیس بک ٹوئٹر کے ٹکر کی ایپلی کیشن یا پھر انسٹاگرام پر نئے فیچرز متعارف کرائے گا اور اب فیس بک نے بھی ٹوئٹر کو ٹکر دینے کیلئے انسٹاگرام پر متعدد فیچرز متعارف کروا دیے ہیں کہ جن میں سے سب سے اہم ٹیکسٹ پوسٹ فیچر ہے کہ جو ٹوئٹر سے ملتا جلتا ہی ہے۔ میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ٹیکسٹ پوسٹ‘ کے ذریعے انسٹاگرام صارفین 60 الفاظ پر مشتمل کوئی بھی پوسٹ کر سکیں گے ۔ یہ پہلی بار ہی ہوگا کہ انسٹاگرام پر تصویر یا ویڈیو کے بغیر الفاظ کی پوسٹ شیئر کی جائے گی اگرچہ مذکورہ فیچر کو ٹوئٹر سے ملتا جلتا قرار ہی دیا جا رہا ہے، تاہم یہ ٹوئٹ کی طرح کام نہیں کرے گا بلکہ یہ فیس بک یا انسٹاگرام کی اسٹوریز کی طرح ہی کام کرے گا۔ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ٹیکسٹ پوسٹ کو پبلک پوسٹ کے طور پر شیئر نہیں کر سکیں گے بلکہ ان کی پوسٹ صرف ان افراد کو ہی نظر آئے گی کہ جنہوں نے صارف کو اور صارف نے ان کو فالو کیا ہوگا۔ اس طرح ہی مذکورہ فیچر کے تحت ٹیکسٹ پوسٹ انسٹاگرام کے مین پیج پر تو نظر نہیں آئے گی بلکہ وہ اسٹوری کی طرح انباکس کے اوپر صارف کے ان فالوورز کو نظر آئے گی کہ جنہیں نے خود صارف نے بھی فالو کر رکھا ہوگا ۔ یوں مذکورہ پوسٹ انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح 24 گھنٹے کے دوران خود ہی غائب بھی ہوجائے گی۔ جبکہ ٹوئٹر پر صارفین کو ٹوئٹ کرنے کی بھی آزادی ہوتی ہے اور ان کی ٹوئٹ پروفائل پیج پر نظر آتی ہے اور وہ ہر کسی کو دکھائی بھی دیتی ہے ۔ مذکورہ فیچر کے علاوہ انسٹاگرام نے ایک اور دلچسپ فیچر متعارف کروایا ہے کہ جسے ’گروپ پروفائل‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ایک طرح سے یہ فیچر بھی فیس بک گروپس کی طرح ہی ہوگا، یعنی کہ انسٹاگرام پر ہی ایک گروپ بنایا جائے گا اور جس میں گروپ بنانے والا اور اس کے چند دیگر دوست چیزیں شیئر کر سکیں گے۔ گروپ پروفائل میں شیئر کی جانے والی چیزیں صرف ان ہی افراد کو نظر آئیں گی کہ جو اس گروپ کا حصہ ہوں گے جبکہ پوسٹس صارفین کے پروفائل پر بھی پوسٹ نہیں ہوگی بلکہ یہ گروپ پروفائل کا ایک الگ پروفائل بن جائے گا کہ جہاں تمام پوسٹس نظر آئیں گی ۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام پر ’کینڈڈ‘ نامی اسٹوریز شیئرنگ کا نیا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے ، اس میں متعدد صارفین گروپ کی شکل میں اسٹوریز شیئر کر سکیں گے، تاہم اس فیچر کے تحت صرف تصاویر یا ویڈیوز ہی شیئر کی جا سکیں گی۔ انسٹاگرام نے Collaborative Collections کا فیچر بھی متعارف کیا ہے، جس کے تحت متعدد صارفین انسٹاگرام پر نظر آنے والی ویڈیوز اور تصاویر سمیت پوسٹس کو ایک جگہ پر مشترکہ طور پر محفوظ کرکے ہی دیکھ سکیں گے۔ اگرچہ انسٹاگرام نے مذکورہ فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کردیا، تاہم یہ فیچرز پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوں گے۔فوری طور پر ان فیچرز پر امریکا سمیت دیگر ممالک کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔