پاک افغان سرحد: افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ،پاک فوج کامنہ توڑ جواب
10:59 AM, 15 Dec, 2022
کوئٹہ : پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی اطلاعات ، پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔ پاک افغان سرحدپر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، افغان فورسز فائرنگ سے چمن کی شہری آبادی متاثر ہورہی ہے ، فائرنگ کے نتیجے میں بچوں اورخواتین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ پاک افغان باڈر کلی شیخ لعل محمد پر باڑ پر تنازعہ کے بعد فائرنگ شروع ہوئی، پاکستان حکام نے عوام سے باڈر کے علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل بھی افغان فورسز نے چمن میں بارڈر کے قریب واقع شہری آبادی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ سیکر ٹری صحت بلوچستان صالح محمد ناصر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے اسپتالوں سول، بی ایم سی اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جنرل سرجنز، آرتھو پیڈک سرجنز، انستھیزیا اسپیشلسٹ اور دیگر عملہ چمن روانہ کیا گیا ہے۔ سیکریٹری صحت بلوچستان نے یہ بھی بتایا ہے کہ کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی اسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ہے۔