ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنماؤں میں سے ایک صدیق الفاروق انتقال کرگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدیق الفاروق گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے،مرحوم کے نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پریس سیکرٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن و متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں، صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے، وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیگی رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور صدیق الفاروق مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت اور مرحوم کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی ۔
یاد رہے کہ صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں چیئرمین متروکہ وقف املاک رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کے گھر بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے صدیق الفاروق کی عیادت اور مزاج پرسی کی تھی۔
عرفان صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدیق الفاروق کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کو آپ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ انہوں نے آپ کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔