پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل پر مولانا طارق جمیل کا ردعمل
07:35 AM, 15 Feb, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) خانیوال میں توہین مذہب کے الزام میں پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کو ہلاکت کے معاملے پر معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا مؤقف سامنے آیا ہے۔ مولانا طارق جمیل نے خانیوال واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اور سانحہ سیالکوٹ ظلم اور جہالت ہے۔ شریعت تو یہاں تک کہتی ہے کہ قاتل کو سزا عدالت دے گی، لوگوں کو سزا دینے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ خانیوال میں دو روز قبل پرتشدد ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کو قتل کر دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی لیڈروں نے اس بہیمانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد درجنوں افراد کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل ہیں جو کہ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ توہینِ مذہب کے الزام میں پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے شخص مشتاق کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کا بھائی ذہنی طور پر مفلوج تھا، ملتان کے ایک ڈاکٹر سے اس کا علاج بھی چل رہا تھا۔ مقتول مشتاق کے بھائی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کیا گیا، اس کے ہاتھوں کی انگلیاں کاٹی گئیں، اس کے مرنے کے بعد بھی لاش کو پیٹا گیا اور بے حرمتی کی گئی۔