لاہور ہائیکورٹ کا 8بجے تک عمران خان کو پیش ہونے کا حکم
01:18 PM, 15 Feb, 2023
لاہور ہائیکورٹ نے 8بجے تک سابق وزیر اعظم عمران خان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ ہم کس بنیاد پر عدم حاضری میں حفاظتی ضمانت دے دیں ، وہ اگر چل کر نہیں آ سکتے تو ایمبولینس میں لائیں ، ملزم کا پیش ہونا ضروری ہے ۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اگر آپ کو حفاظتی ضمانت چاہیے تو عمران خان کو لائیں ، ہم یہاں بیٹھے ہیں انھیں لے آئیں ۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ، اس حوالے سے اعلی عدالتوں کے فیصلے ہیں ، پہلےعمران خان سرنڈر کریں اس کے بعد کیس سنیں گے۔ عدالت نے کہا کہ آپ پٹیشن واپس لے لیں یا میں مسترد کر دوں ، عمران خان کے وکیل نے کہا کہ زمان پارک سے یہاں تک آنے میں انھیں حفاظت چاہیے ۔ بعد ازاں عدالت نے 8 بجے تک عمران خان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔