انتخابی عمل اندرونی معاملہ، غیرملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

02:27 PM, 15 Feb, 2024

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں۔ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں۔

 پاکستان کی جانب سے کشمیر میں جماعت اسلامی کے دفاتر پر بھارتی سکیورٹی فورسز کے چھاپوں کی مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت تمام قید کشمیری حریت رہنماؤں کو رہا کرے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کا فیصلہ چاہتا ہے، ہم کشمیر میں جماعت اسلامی کے دفاتر پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ او  آئی سی کے غزہ پر حملوں کیخلاف بیان کی پاکستان حمایت کرتا ہے، اسرائیلی حملے عالمی عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور روس اسٹریٹیجک گروپ کا اجلاس 7 فروری کو ہوا، اجلاس میں علاقائی سلامتی سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور جمہوریہ ڈومینیکن کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں