الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ، الیکشن کمیشن نے کام شروع کردیا

09:35 AM, 15 Jan, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ پر کام شروع کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لئے کام کرینگے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کیلئے جگہ اور عمارتیں بھی مانگی گئی ہیں۔ انہوں نے 4 مختلف عمارتوں کی تجاویز بھی خط میں بھجوائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے الیکشن کمیشن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کا گیسٹ روم بھی یونٹ بنانے کیلئے استعمال ہو سکتا جبکہ پی سی ایس آئی کا گیسٹ ہائوس بھی الیکشن کمیشن کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس ٹیکنالوجی کا خالی فلور بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جا سکتا ہے جبکہ سر سید میموریل سوسائٹی عمارت میں سے کوئی ایک فراہم کی جائے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ یونٹ کے قیام کے لئے آئی ٹی پروفیشنلز کی بھرتیوں کا کام آخری مراحل میں ہے۔ آئی ٹی ٹیمیں، ای وی ایمز، آئی ووٹنگ اور انتخابی عمل میں ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لئے کام کرینگی۔
مزیدخبریں