پاک افغان سرحد سے 3 ارب پاکستانی کرنسی کی برآمدگی
09:19 AM, 15 Jul, 2021
کابل ( ویب ڈیسک ) پاک افغان سرحدوں پر طالبان نے جب افغان سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا تو حیران کن طور پر انہیں تین ارب پاکستانی روپے ملے اور قرین قیاس ہے کہ یہ رقم افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف استعمال کرتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر طالبان کی طرف سے اہم علاقوں پر قبضوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے مگر سرحد کے قریب افغان آرمی کی چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا تو حیران کن طور پر وہاں سے تقریباً 3 ارب پاکستانی روپے ملے ہیں ،تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ وہ رقم ہے جو افغان سکیورٹی فورسز کی طرف سے رشوت کے طور پر اسمگلرز سے لی جاتی تھی اور پھر یہی رقم پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کی جانی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مبینہ طور پر افغان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس نے یہ نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا جہاں پر 3 ارب روپے کی یہ پاکستانی کرنسی اس لئے اکٹھی کی گئی تھی تاکہ اسے پاکستان میں تخریب کاری اور بدامنی کیلئے استعمال کیا جا سکے۔ اس سے قبل بھی افغانستان کی خفیہ ایجنسی اس رقم کوپاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کرتی رہی ہے،یہ بھی اطلاعات ہیں کہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی پاکستان دشمن عناصر کے ایما پر تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں تاکہ خطے میں امن متاثر کیا جا سکے۔