بڑی عیدپرحکومت نےپٹرول5.40روپےفی لٹرمہنگاکردیا
06:00 PM, 15 Jul, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بڑی عید سے پہلے عوام پر مہنگائی کا بڑا بم گرانے کی منظوری دے دی۔ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا۔ معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لٹر اضافہ کی تجویز دی گئی تھی۔ شہباز گل نے مزید لکھا کہ وزیرِ اعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافہ کی منظوری دی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، کیروسین کی قیمت میں 1.39 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لٹر کی اجازت دی گئی ہے۔ اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔