ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق اہلیہ چل بسیں

05:36 AM, 15 Jul, 2022

احمد علی
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی اہلیہ ایوانا ٹرمپ انتقال کر گئیں۔ آنجہانی ایوانا ٹرمپ کی عمر 73 برس تھیں۔ دنیا بھر کی شخصیات نے ان کے انتقال پر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار افسوس کیا ہے۔ ایوانا ٹرمپ 1949ء میں گوٹوالدوف کے شہر زیکوسلوواک میں پیدا ہوئیں۔ اس شہر کا پرانا نام زلن تھا، جس کو کمیونسٹوں نے 1948 میں قبضے کے بعد تبدیل کر دیا تھا۔ انہوں نے 1977 میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شادی کی تھی۔ ایوانا ٹرمپ نے 2016 میں نیویارک پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے سابق شوہر کی بطور امریکی صدر کی حمایتی رہیں اور ان کو مشورے بھی دیتی رہیں۔ میں نے انہیں کچھ مشورے دیے جن میں پرسکون رہنا بھی شامل تھا۔ انہوں نے ٹرمپ کے حوالے سے بتایا کہ ’وہ بہت زیادہ باتونی ہیں، وہ سب کچھ صاف صاف بول دیتے ہیں۔‘ https://twitter.com/IvankaTrump/status/1547706200942264331?s=20&t=FJ6qyfbmMvJ7fONeyuoXrQ خیال رہے کہ ایوانا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 80ء کی دہائی میں ایک طاقتور جوڑے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ جس کے بعد طلاق ہوئی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے مرلا میپلز سے دوسری شادی کر لی۔ تاہم حالیہ برسوں کے دوران ایوانا کے سابق شوہر کے ساتھ خوشگوار تعلقات رہے، ایوانا نے 2017 میں اپنی کتاب میں لکھا کہ وہ ہفتے میں ایک بار آپس میں بات کرتے تھے۔ اردو نیوز کی ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق ٹرمپ خاندان کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ’ہم بہت دکھ کے ساتھ اپنی ماں کی وفات کا اعلان کرتے ہیں، وہ ایک اچھی کاروباری شخصیت، شاندار ایتھلیٹ، خوبصورت خاتون اور سب کا خیال رکھنے والی ماں تھیں۔‘ بیان میں کہا گیا کہ ’انہوں نے کمیونزم سے نکل کر اس ملک کو گلے لگایا تھا اور اپنے بچوں کو تحمل، مضبوطی، ہمدردی اور پرعزم رہنا سکھایا۔ ان کو ہمیشہ ایک شفیق ماں کے طور پر یاد کیا جائے گا۔‘ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’میں بہت دکھ کے ساتھ آپ کو مطلع کر رہا ہوں کہ ایوانا ٹرمپ آج نیویارک میں اپنے گھر پر انتقال کر گئی ہیں۔‘ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ’وہ بہت شاندار خاتون تھیں، جنہوں نے ایک متاثرکن زندگی گزاری، ان کے تین بچے ان کے لیے فخر اور مسرت کا سامان تھے۔ ڈونلڈ جونیئر، ایوانکا اور ایری۔ وہ ان پر بہت فخر کرتی تھیں جیسا کہ ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ ریسٹ اِن پیس ایوانا۔‘
مزیدخبریں