ٹک ٹاک میں نئے فیچرز متعارف
06:40 AM, 15 Jul, 2022
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک میں کم عمر صارفین تک نامناسب مواد کی رسائی روکنے کے لیے اب نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے فیچر میں صارفین یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ان کے فار یو فیڈ میں کس طرح کا مواد نظر آنا چاہیے۔ اس فیچر کے مطابق وہ مخصوص ہیش ٹیگ یا الفاظ خودکار طور پر فلٹر ہو جائیں گے کہ جن پر مبنی مواد اپنی فیڈ میں وہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم ہمیشہ ایپ میں سیفٹی سسٹمز کو بہتر کرتے ہی رہتے ہیں تاکہ ہمارے صارفین اپنے پسندیدہ مواد سے محظوظ ہوسکیں۔ ٹک ٹاک کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پلیٹ فارم پر موجود کچھ مواد دیکھنا ہر ایک کے لیے قابلِ اطمینان نہیں ہوتا اور کانٹینٹ لیول سے نوجوانوں تک ایسے مواد کی رسائی کو روکنا ممکن ہوسکے گا۔ بیان کے مطابق اس کی جانب سے مزید فلٹرنگ آپشنز کی تیاری کا سلسلہ آنے والے مہینوں میں بھی جاری رہے گا۔