پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید بلوچستان پولیس کے حوالے،بڑی خبرآگئی

12:13 PM, 15 Jul, 2024

ویب ڈیسک: اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ صنم جاوید کے والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

پی ٹی آئی ورکر صنم جاوید کے خلاف بلوچستان میں درج مقدمہ، بلوچستان پولیس صنم جاوید کو لے کر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد عدالت پہنچ گئی۔پی ٹی آئی ورکر صنم جاوید کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ بلوچستان پولیس عدالت سے صنم جاوید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

جج مرید عباس نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی آر دیکھ لیں بلوچستان میں 7 اے ٹی اے کی دفعات ہیں۔

صنم جاوید کے وکیل نے کہا کہ صنم جاوید کو کل 4 بجے گرفتار کیا ہے،سینئر کونسل نے آنا ہے وقفہ کردیا جائے۔ 

جج مرید عباس نے ریمارکس دیئے کہ زیادہ دیر تک انتظار نہیں کیا جاسکتا، رش کی وجہ سے اس کیس کو رکھ نہیں سکتا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کردیا۔

قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی رہنما اور سوشل ورکر صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ راہداری ریمانڈ منظور ہونے کے بعد صنم جاوید کو بلوچستان منتقل کیا جائے گا، صنم جاوید کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس نے بلوچستان پولیس کی معاونت کی تھی۔

صنم جاوید کے خلاف بلوچستان میں کونسا مقدمہ درج ہے، تفصیلات سامنے آگئیں, صنم جاوید 2023 کے ایک مقدمے میں بلوچستان پولیس کو مطلوب ہے, صنم جاوید کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے,مقدمہ دہشت گردی سمیت 15 دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا, بلوچستان پولیس نے گرفتاری کیلئے وفاقی پولیس سے مدد مانگی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔

عدالت نے صنم جاوید کے وکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی تھی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد کی رمنا پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا.

صنم جاوید کے خلاف ایف آئی اے میں درج مقدمے میں ان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سیکیورٹی ادارےکےخلاف ہرزہ سرائی کا الزام تھا۔

 ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے 10 جولائی کو صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں ایکس کے اکاؤنٹ پر سیکیورٹی ادارےکےخلاف ہرزہ سرائی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

متن کے مطابق صنم جاوید کے ایکس کے اکاؤنٹ سے ریاست کے اداروں کے خلاف عوام کو بھڑکایا گیا ،مقدمہ الیکڑانک کرائم ایکٹ 2016 کی دفعات 9 اور 10 کے تحت درج کیا گیا۔

10 جولائی کو لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو گوجرانولہ کے مقدمے سے ڈسچارج کردیا تھا تاہم ایف آئی اے نے صنم جاوید کو گوجرانوالا سینٹرل جیل سے ہی ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔

5 جون کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 9 مئی کے تین مقدمات میں ضمانت منظوری اور سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو گوجرانوالہ پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔

مزیدخبریں