عمران خان،عارف علوی اور قاسم سوری پرآرٹیکل 6لگانےکافیصلہ

01:52 PM, 15 Jul, 2024

ویب ڈیسک:  وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ۔عطاتارڑنے کہا کہ عمران خان،عارف علوی اور قاسم سوری پرآرٹیکل 6کیلئے سپریم کورٹ جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے کیس فائل کرے گی، تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے جبکہ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

عطا تارڑ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا، حکومتی اور اتحادی پارٹیوں نے فیصلے کے خلاف ریونیو دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ  نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ ان ٹچ ایبل ہیں، ہمارے قائد نے ہماری تربیت دی ہے کہ سیاسی مخالفین کو بھی صاحب کہہ کر بلانا،تنقید برائے اصلاح ہمارے سیاسی لیڈر کی تربیت تھی،پہلی صف کو جیلوں میں ڈالا گیا تو اف تک نہیں کی،بانی پی ٹی آئی عمران خان بدترین لیڈر ہے اس نے بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایات ڈالیں ہیں،انتقام کی آگ کو بجھانے کے لئے انہوں نے یہ روایات ڈالیں ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ  نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان میں کہا ہم میثاق معیشت کرنے کو تیار کریں،ہم نے کہا کہ ہم میثاق معیشت کرنے کو تیار ہیں یہ ہماری تربیت تھی،ہم سیاسی مخالف کی خوشی غمی میں شریک ہوتے ہیں،ایک سیاسی جماعت نے تربیت دی تھی کہ کسی کی خوشی غمی کوئی نہیں جائے گا۔ہماری برداشت کو کمزوری سمجھ کر گالیاں دینے کا کانسیپٹ شروع کیا گیا،ہماری سیاسی تربیت ہے کہ مخالف کو آپ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ  نے کہا کہ کوئی بھی کیس ہو ، ایک تاثر ہے کہ انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا،زین قریشی بتائیں انہوں نے اسرائیلی بزنس مین کے ساتھ ڈنر کیوں کیا؟ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہو گیا۔اب بس۔ اب اور نہیں۔پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔پی ٹی آئی کا کیس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا،بہت واضح ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے۔

عطا تارڑ  نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے،ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا،پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں گے،پارلیمان سے قرارداد منظوری کی جائے گی، حکومت نے سخت ترین کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے لئے کیس دائر کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین حکومت کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے۔پی ٹی آئی نے آئین کی خلاف ورزی کی، تحریک عدم اعتماد کے ہوتے ہوئے اسمبلیوں کو تحلیل کیا،تارکین وطن محنتی لوگ ہیں، وہ ملک کی ترسیلات میں اضافہ کرتے ہیں،بیرون ملک کچھ مخصوص لابیاں پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،ملک کے خلاف سازشوں میں ملوث بیرون ملک موجود لابیوں کے خلاف حکومت نے تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان سے باہر بیٹھ کر ممنوعہ فنڈنگ وصول کر کے ملک کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ہم نے تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کر کے دیکھا لیکن اسے ہماری کمزوری سمجھا گیا، اب یہ چیئرمین نیب کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، پریشر ڈالا جا رہا ہے کہ نیب توشہ خانہ کے کیسز سے پیچھے ہٹ جائے،آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کیا، ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچایا اور سائفر کے ساتھ کھلواڑ کیا،انہوں نے ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی اور اپنے سیاسی فائدے کے لئے پاکستان کا نقصان کیا،ان کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں