ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ حنا خان کے بوائے فرینڈ راکی جیسوال نے بھی بالآخر اپنی زندگی کی محبت کے نام ایک پیغام جاری کردیا ہے۔
ڈراما 'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے' میں بطور 'اکشرا' اداکاری کے جوہر دکھانے والی حنا خان نے اپنے اس کردار سے لوگوں کے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل کیا جس کے سبب ڈراما ناظرین نے حنا خان پر محبت کی برسات بھی کی۔
حنا خان بھارتی ریئیلیٹی شو بگ باس میں بھی بطور کنٹیسٹنٹ شریک ہوئیں جبکہ ڈراما 'کسوٹی زندگی کی ' کے دوسرے سیزن میں منفی کردار نبھاتی نظر آئیں۔ سب کے دلوں پر راج کرنے والی حنا خان نے رواں ماہ یہ انکشاف کیا تھا کہ انہیں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر ہے اور وہ ان دنوں اپنا علاج کروا رہی ہیں۔
حنا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر کینسر کے علاج سے جڑے مختلف مراحل سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا اور کیموتھراپی کیلئے سر کے بال تراشنے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
اداکارہ کو دنیا بھر میں موجود انکے فینز اور سیلیبریٹیز نے دعائیہ پیغامات بھیجے وہیں ان کے بوائے فرینڈ کی جانب سے لمبی خاموشی سب کی نظروں میں کھٹکی۔
بعض سوشل میڈیا صارفین کا یہ خیال تھا کہ حنا خان اور راکی میں علیحدگی ہوچکی ہے لیکن ان تمام افواہوں پر فُل اسٹاپ لگاتے ہوئے راکی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کردی۔
راکی نے پوسٹ میں حنا خان کی تین تصاویر شامل کیں جو انکے بال کٹوانے کے بعد لی گئی ہیں اور تصاویر میں حنا خان دونوں ہاتھوں میں اوزار پکڑ کر پوز دیتی نظر آئیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں راکی نے لکھا کہ ' جب وہ مسکراتی ہے تو روشنیاں مزید روشن ہوجاتی ہیں، جب وہ خوش ہوتی ہے تو زندگی معنی خیز لگتی ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ' جب وہ میرے ساتھ ہوتی ہے تو میں کچھ زیادہ زندگی جی لیتا ہوں، جب میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں تو دنیا کی کوئی دوسری چیز معنیٰ نہیں رکھتی'۔
راکی نے پوسٹ کے کیپشن میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے حنا خان کے ویک اینڈ کو خاص بناتے ہوئے ان کے لیے کھانا پکایا ہے۔ پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں حنا خان نے 'تم' لکھ کر دل والا ایموجی بنایا جس پر مرہم پٹی بندھی ہوئی ہے۔