مخصوص نشستوں کےفیصلےپرسپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر

03:34 PM, 15 Jul, 2024

ویب ڈیسک: مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق  مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دائر درخواست میں 12 جولائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع کی بھی استدعا کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن پارلیمانی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

نظرثانی درخواست کو جلد مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے جبکہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے کو واپس لے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک سپریم کورٹ فیصلے پر حکم امتناع دیا جائے، مخصوص نشستوں کی پی ٹی آئی کو الاٹمنٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے حصول کی استدعا ہی نہیں کی تھی، سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، آزاد امیدوار پہلے ہی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ جن ارکان کو پی ٹی آئی کا قرار دیا گیا انہوں نے کاغذات میں خود کو آزاد ظاہر کیا تھا، آزاد ارکان کو 15 دن میں شمولیت کا کہنا قانون کے خلاف ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ آئین اور واضح ہے، آزاد امیدواروں کی شمولیت 3 دن میں ہی ہوسکتی ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے پر عدالت نے فریقین کے دلائل بھی نہیں سنے۔

مسلم لیگ ن نے درخواست میں یہ بھی استدعا کی کہ سپریم کورٹ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نطرثانی کرے۔

قبل ازیں وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں