یاسمین راشد، عمر چیمہ،اعجاز چودھری کی ایک ایک مقدمہ میں ضمانت منظور

04:57 PM, 15 Jul, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسز میں رہنما پی ٹی آئی یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی ایک ایک مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کا حکم سنا دیا۔ یاسمین راشد کی مسلم لیگ ن ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں ضمانت منظور کی گئی جبکہ عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی گلبرگ جلاؤ گھیراؤ کیس میں ضمانت منظور کی گئی۔

ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں، دیگر مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت تمام ملزمان کو حاضری لگاکر واپس جانے کی اجازت دی گئی۔

پیر کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی۔ شیخ رشید احمد، شبلی فراز، عمر ایوب، شہریار آفریدی، کنول شوزب اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت کے عملے نے تمام ملزمان کی حاضری لگائی۔ ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم نہیں کی جاسکیں۔ اے ٹی سی نے اس کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں