ایف آئی اے نے شہبازشریف کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا

03:45 PM, 15 Jun, 2021

احمد علی

اسلام آباد ( پبلک نیوز) ایف آئی اے نے صدر ن لیگ شہبازشریف کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ 25 ارب روپے منی لانڈرنگ اور چینی کی سٹہ بازی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے 22 جون کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو متعلقہ دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طلبی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو دو دفعہ سوالنامہ بھجوایا گیا مگر آپ نے جواب نہیں دیا۔ جنوری 2021 میں آپ کو یاد دہانی کرائی گئی، تو آپ نے کہا کہ عطا تارڑ آپ کے جوابات جمع کروائیں گے مگر جواب جمع نہیں ہوئے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کے پاس نا قابل تردید ثبوت ہیں کہ آپ کے ایما پر آپ کے بیٹے سلیمان شہباز نے بھاری رقم وصول کی۔۔ ایف آئی اے کے مطابق سلمان شہباز نے یہ رقم وزیر اعلی سب آفس ماڈل ٹاؤن میں وصول کی تمام کیش آپ کی گرین کلر کی بلٹ پروف گاڑی میں لے جا کر مختلف اکاؤنٹس میں جمع کرایا گیا۔

نوٹس کے مطابق جیل میں بھی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم شہباز شریف سے تفتیش کے لیے گئی مگر تسلی بخش جواب نہیں دیے گئے اس لیے اب وہ 22 جون کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوکر ان سوالات کے جواب دیں۔

مزیدخبریں