پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری
08:17 AM, 15 Jun, 2022
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پچھلے تین چار سال کے دوران سی پیک منصوبوں کو کچھ رکاوٹوں کا سامنا رہا۔ موجودہ حکومت اس خلا کو پُر کرنے کیلئے پاکستان سپیڈ پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے چین اور پاکستان کے علاوہ افغانستان، ایران اور خلیجی ممالک سمیت پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چین کی صنعت اور پاکستان کی افراد ی قوت کے ذریعے دونوں ممالک اپنی پیداوار اور دنیا میں برآمدات بڑھا سکیں گے۔ سرکاری میڈیا اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار چینی میڈیا کے نمائندوں سے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چینی صنعت اور پاکستان کی افرادی قوت سے دونوں ممالک کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں جس میں صنعتی زونز کے قیام کے ذریعے علاقائی تعاون اور صنعت کاری کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہنر مند اور نیم ہنر مند لیبر نسبتا سستی ہے اور چینی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی محنت اور سرمایہ کاری کا مشترکہ منصوبہ دونوں ممالک کو مسابقتی شرحوں پر پیداوار بنانے اور اپنی مصنوعات دوسرے ممالک کو برآمد کرنے میں مدد دے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں پاکستان کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سڑکوں اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں جنہوں نے دوستانہ تعلقات کو منفرد تعلقات میں تبدیل کر دیا جہاں عوام سے عوام کے رابطوں کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر شی جن پنگ اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے درمیان سی پیک معاہدے پر دستخط ہوئے تو پاکستان کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھاتاہم سی پیک منصوبوں کے آغاز کے دو سال بعد پاکستان اس صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں اسے مزید فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے وژن اور ان کے سیاسی کردار سے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کو ترقی، امن اور خوشحالی حاصل کرنے کا موقع ملا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی صورت میں پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا پہلا مستفید ہونے والا ملک ہے۔ گوادر پورٹ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے چین اور پاکستان کے علاوہ افغانستان، ایران اور خلیجی ممالک سمیت پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کو گزشتہ تین سے چار سال میں کچھ رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم موجودہ حکومت نے اس خلا کو پر کرنے کے لیے “ پاکستان سپیڈ” پر عمل کرنے کا عزم کیا ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے کردار سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی نے بے شمار مشکلات اور چیلنجز کے باوجود شاندار سفر طے کیا۔ انہوں نے روزگار اور دیگر مواقع پیدا کرکے لاکھوں چینی عوام کو غربت سے نکالنے پر چین کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ انتہائی وژنری اور “سب سے زیادہ متحرک اور بصیرت والے رہنما” ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دشمن کو پاک چین قریبی تعلقات ہضم نہیں ہوتے انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی دوستوں کی سلامتی اتنی ہی اہم ہے جتنی پاکستانیوں کی شہریوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کرے گی کہ دشمن پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے میں تین چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی سفارت خانے کے دورے اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے ساتھ بات چیت کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی حکام سے کئی ملاقاتیں رہی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاک چین دوستی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے اور آئندہ ایسے حملے روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کورونا وبا کے دوران اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے چینی قیادت کے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ویکسین اور طبی ماہرین بھجوا کر پاکستان کی بھی مدد کی۔