آصف زرداری اور بلاول کے اثاثوں کی مالیت کتنی ہے؟

12:30 PM, 15 Jun, 2022

احمد علی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ سامنے آنے والے گوشواروں کی تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار واجب الادا ہیں، بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے ہوئے، بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد کا ہے. دستاویز کے مطابق آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے. دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں ، ان کےپاس دو گاڑیاں اور بینک بیلنس 2 کروڑ سے زائد کا ہے۔ انہوں نے اپنی بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی کلئیر کر دیے ہیں۔نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں اور تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار ہے۔ شہباز شریف کے اثاثوں میں سال 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آٗئی ہے. الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ عمران خان کے سال 2020ء میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی۔دستاویز کے مطابق عمران خان پر سال 2020ء میں 7 کروڑ سے زائد کا قرض تھا۔ 2020ء میں قرض کی رقم شامل کر کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی۔سال 2021ء کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں ہیں۔ عمران خان کے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کی گئی تھی۔ جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے بنی گالا گھر کو گفٹ ظاہر کیا۔ای سی پی دستاویز کے مطابق عمران خان کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ کا ہے۔ جبکہ ان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں اور ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔ دستاویز کے مطابق مراد سعید کا کوئی اپنا گھر نہیں، مراد سعید کے پاس ایک گاڑی اور 15 تولہ سونا ہے، مراد سعید کے اکاونٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار سے زائد رقم ہے. اسکے علاوہ عمر ایوب ایک ارب 19 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور عمر ایوب کے ذمہ 11 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں، عمر ایوب نے بیرون ملک بزنس کی تفصیلات بھی جمع کرائیں ہیں. اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض ہیں. سابق سپیکر اسد قیصر کے پاس 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہے، اسد قیصر نے 58 لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے.
مزیدخبریں