کھیت میں داخل ہونے پر وڈیرے نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی

05:00 PM, 15 Jun, 2024

ویب ڈیسک: سانگھڑ میں سنگ دل وڈیرے نے اپنے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی، پولیس نے بااثر وڈیرے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج  کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق وڈیرے نے پہلے ملازمین کے ہمراہ اونٹ پر تشدد کیا پھر بھی غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو تیز دھار آلے سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔

دوسری جانب اونٹ کے مالک سومر بَھَن اپنے اونٹ کی کٹی ہوئی ٹانگ لیکر پریس کلب سانگھڑ پہنچا جہاں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ظالم بااثر نے اس کی زمین میں سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی ہے۔

مالک کے احتجاج کے بعد معاملہ میڈیا پر اٹھا تو سانگھڑ پولیس نے بھی میڈیا پریشر ختم کرنے کیلئے مقدمہ درج کرلیا۔

مالک کا کہنا تھا کہ سانگھڑ پولیس نے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے بااثر وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے منگلی پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

وزیراعلی سندھ کا نوٹس

وزیراعلی سندھ نے سانگھڑ میں اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا نوٹس لے لیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملزمان اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہو چکے تھے۔انسانی طور پر یہ ناقابل قبول ہے، اس لئے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

گورنر کا دو اونٹ دینے کا اعلان

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانگھڑ میں بااثر وڈیرے کے مبینہ ظلم کے شکار شخص کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس واقعہ کے اصل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور شہری کو انصاف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹ کر غریب شخص سے اس کی روزی چھین لی گئی، کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں، جانوروں سے ایسا سلوک کسی انسان کو زیب نہیں دیتا، قربانی کا مہینہ دوسروں کے دکھ درد کا احساس جگانے کے لئے ہے۔

مزیدخبریں