ویب ڈیسک: جھارکھنڈ کے علاقے لاتیہار میں سہسرام-رانچی انٹرسٹی ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ نے کچھ مسافروں کی آج جان لے لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کی خبر سن کر کئی مسافر ٹرین سے کود گئے جن میں سے کچھ مخالف سمت سے آرہی ٹرین کی زد میں آگئے۔ اس حادثہ میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کچھ دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سہسرام-رانچی انٹرسٹی ایکسپریس جیسے ہی کمنڈیہہ اسٹیشن کے پاس پہنچی تو ٹرین میں سوار کسی مسافر نے انجن میں آگ لگنے کی افواہ پھیلا دی۔ اس کے بعد مسافروں میں افرا تفری پھیل گئی۔ کئی لوگ خوف کے مارے ٹرین سے اتر کر بھاگنے لگے۔ اسی دوران کچھ لوگ برعکس سمت سے آ رہی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔
اس حادثہ سے متعلق ریلوے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ ’’دھنباد ڈویژن کے کمنڈیہہ اسٹیشن پر سہسرام انٹرسٹی ایکسپریس (18635) میں آگ لگنے کی افواہ پھیلی۔ اس کے بعد افرا تفری مچ گئی۔ اسی درمیان کچھ مسافر دوسری طرف سے آ رہی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ اس میں تین لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس حادثہ کے بعد اسٹیشن پر موجود مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔