پبلک نیوز:(نتاشارحمان) ملک بھرمیں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر ، گلگت بلتستان،خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور شمال مشرقی جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا، شام کے اوقات آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور صوبہ بلو چستا ن کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ شام کے اوقات میں لسبیلہ اورآواران میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ دیر، سوات، مالاکنڈ،باجوڑ ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت ،ٹانک، اور وزیرستان میں آندھی اورچند مقا مات پر بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے/ الرٹ
پی ڈی ایم اے پنجاب نے انتظامیہ کو موسمی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 16 سے 18 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ۔18 سے 22 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں ۔20 سے 22 جون کے دوران جنوبی پنجاب میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری عید الاضحی کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں۔پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے پہلے ضروری سامان ساتھ رکھیں۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ عید کی چھٹیوں میں بھی الرٹ رہے ۔سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلی جگہوں پر مت جائیں۔
پی ڈی ایم اے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسان اپنی فصلوں کو پانی دینے کے معمولات اور خصوصا گندم کی کٹائی کے علاقوں میں موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔
دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی صورتحال
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا کے مقام پردریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 17 ہزار 300 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 44 ہزار کیوسک اور اخراج 65 ہزار کیوسک ہے جبکہ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 85 ہزار 200 اوراخراج ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 37 ہزار 500 اور اخراج 11 ہزار 500 کیوسک ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 81 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 81 ہزار 300 کیوسک ہے۔
آبی ذخائر:
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 9 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 32 لاکھ 31 ہزار یکڑ فٹ ہے جبکہ چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ 86 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان واپڈا کا مزید کہنا ہے کہ تربیلا ،منگلااورچشمہ ریزوائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 43 لاکھ 67 ہزار ایکڑ فٹ ہے،نوشہرہ پر دریائے کابل اور منگلا پردریائے جہلم میں پانی کی آمد اور اخراج 24 گھنٹے کےاوسط بہاؤپر مشتمل ہیں۔