مہینوں بعد شہزادی کیٹ منظرعام پرآگئیں،عوام میں جوش وخروش

02:14 PM, 15 Jun, 2024

ویب ڈیسک :شہزادی کیٹ کی مہینوں بعد عوامی تقریب میں شرکت، شاہی خاندان اور عوام کا پرجوش استقبال،  شہزادی شوہر پرنس ولیم  اور بچوں کے ہمراہ شاہ چارلس کی سالگرہ پر ہونے والی پریڈ ’’ ٹروپنگ دی کلر’’  میں شریک ہوئیں.

تفصیلات کے مطابق شہزادی کیٹ اپنے شوہر پرنس ولیم اور بچوں شہزادی شارلٹ ، پرنس جارج  کے ساتھ   شاہی بگھی میں سوا رہوکر تقریب میں پہنچیں۔

 اس کےبعد شاہ چارلس ملکہ کمیلا پارکر اور شاہی خاندان کے دیگر افراد  کے ہمراہ  بالکونی میں گئیں اور عوام کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ اس موقع پر عوام کاجوش وخروش دیدنی تھا، شہریوں نے شہزادی کیٹ کو دیکھ کر نعرے لگائے ۔

گرین پارک میں توپوں کی سلامی دی  گئی۔ جبکہ بالکونی سے دیدار کے موقع شاہی فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ بھی کیا۔

بگھی سے اتر کر انہوں نے اپنی بیٹی شہزادی شارلٹ کے بال سنوارے اور اس سے گفتگو کی۔

 شہزادی کیٹ اپنے کینسر کی تشخیص اور علاج کے بعد اپنے کیموتھراپی کے علاج کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بادشاہ کی سالگرہ کی پریڈ، جو روایتی طور پر نومبر میں اس کی اصل سالگرہ کے بجائے موسم گرما میں منائی جاتی ہے، شاہ چارلس اور شاہی خاندان کے ارکان  فوجی پریڈ  کا معائنہ  کرتے ہیں۔

قبل ازیں جمعے کو شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے جاری پیغام میں کہا تھاکہ کینسر کے حوالے سے اعلان کے بعد انہیں دنیا بھر سے ہزاروں پیغامات موصول ہوئے جس میں لوگوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہوا تھا۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پیغامات سے ان پر اور شہزادہ ولیم پر بہت زیادہ مثبت اثر پڑا۔

کیٹ مڈلٹن کا کہنا تھا کہ میں بہتر ہو رہی ہوں لیکن کیموتھراپی کروانے والے کسی بھی شخص کو معلوم ہو گا کہ اس دوران کوئی دن اچھا گزرتا ہے تو کوئی برا۔برے دنوں میں آپ کو کمزوری، تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور آپ کو اپنے جسم کو آرام دینا پڑتا ہے لیکن اچھے دنوں میں جب آپ مضبوط محسوس کر رہے ہوتے ہیں، تو آپ بہتر محسوس کرنے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا میں سیکھ رہی ہوں کہ کس طرح سے صبر کرنا ہے، خاص طور پر جب غیر یقینی کا سامنا ہو۔

شہزادی کیٹ کی صحت میں بہتری کا مطلب ہے کہ وہ گزشتہ دسمبر کے بعد پہلی مرتبہ عوام کے سامنے منظر عام پر آئیں گی۔

اپنے پیغام میں شہزادی کیٹ کا کہنا تھا کہ میرا علاج جاری ہے اور یہ کچھ مہینوں تک جاری رہے گا۔ میں اپنے خاندان کے ہمرا شاہ چارلس کی سالگرہ پریڈ میں شرکت کی منتظر ہوں۔
پیٹ کی سرجری
کیٹ مڈلٹن نے جنوری میں پیٹ کی بڑی سرجری کے بعد ہسپتال میں دو ہفتے گزارے تھے اور 2  ماہ بعد ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ ٹیسٹ میں کینسر کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کے علاج کے لیے کیموتھراپی کروائیں گی۔

ان کے دفتر کینسنگٹن پیلس نے کینسر کی قسم یا اس کے علاج کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے اور یہ صرف یہ کہا کہ کینسر سے نمٹنے کی کیموتھراپی فروری میں شروع ہوئی تھی۔

شاہ چارلس اور ولی عہد شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں