فاروق اعوان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

06:13 AM, 15 Mar, 2021

اویس
اسلام آباد ( پبلک نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف یو ایس ایف کیس میں بدعنوانی کے نیب ریفرنس پر سماعت میں آج احتساب عدالت نے شریک ملزم فاروق اعوان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے یو ایس ایف میں بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنس پر سماعت ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی۔پراسیکیوٹر عثمان مسعود احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔ اس موقع پر ملزمان ریاض اشعر اور انعام اکبر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزم یوسف رضا گیلانی ، محمد حنیف اور محمد سلیم کی جانب سے آج کی سماعت کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی اور یہ موقف اختیار کیا گیا کہ وکلا کی ہڑتال کے سبب دفاع کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکتے۔ عدالت نے ریفرنس میں شریک ملزم فاروق اعوان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ٗ ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مسلسل عدم حاضری کے باعث جاری کیے گئے ٗ عدالت نے 30 مارچ تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
مزیدخبریں