شرمیلا فاروقی کی والدہ کا تمسخر اڑانے کا معاملہ، نادیہ خان بری الذمہ قرار

08:15 AM, 15 Mar, 2022

احمد علی
کراچی: (ویب ڈیسک) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کی والدہ کا تمسخر اڑانے کے معاملے میں اداکارہ نادیہ خان کو بری الذمہ قرار دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض کی جانب سے ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کیخلاف ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا، تاہم اس میں انھیں بری الذمہ قرار دیدیا گیا ہے۔ عمران ریاض کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ہتک عزت کیس میں شرمیلا فاروقی نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ نادیہ خان نے ان کی والدہ کا تمسخر اڑایا اور ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نادیہ خان کی جانب سے جو ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، اس کا دورانیہ چالیس منٹ کا تھا۔ میں نے اور میری ٹیم نے اس مواد کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ اس میں کوئی ایسی بات نہیں جس سے یہ تاثر ابھرے کے نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کا مذاق اڑایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک چہرے کے تاثرات اور طنزیہ انداز اپنائے جانے کی بات ہے تو قانون میں اس حوالے سے کچھ درج نہیں ہے۔ اس لئے ایف آئی اے کی جانب سے نادیہ خان کو اس کیس میں بری الذمہ قرار دیا جاتا ہے۔ ادھر اداکارہ نادیہ خان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سندھ کے سربراہ عمران ریاض کی ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کرکے خدا کا شکر ادا کیا کہ وہ بالاخر ہتل عزت کے کیس میں سرخرو ہوئیں۔
مزیدخبریں