'حکومت اور اپوزیشن جلسوں کی منسوخی کا اعلان کریں'

09:44 AM, 15 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ انہوں نے جن جلسوں کا اعلان کیا ہے ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں وہ فوراً ان کی منسوخی کا اعلان کریں، پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں، حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں، آئین وجمہوریت کی پاسداری کیلئے ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے ہیں،دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔
مزیدخبریں