او آئی سی اجلاس میں مداخلت نہیں ہونے دیں گے

09:56 AM, 15 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: (پبلک نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس میں مداخلت نہیں ہونے دیں گے۔ تاہم لانگ مارچ کرنے والوں کو پہلے کبھی روکا اور نہ ہی آئندہ روکا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کے لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس اسلام آباد میں ہونے جا رہی ہے۔ اجلاس میں مداخلت نہیں ہونے دیں گے۔ او آئی سی اجلاس کیلئے دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ اپوزیشن کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔ نمبرز پورے ہیں تو اسلام آباد میں دھرنوں کی کیا ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو وزیراعظم قوم سے شیئر کرنا چاہتے ہیں۔ جلسے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی اور قانونی طریقے سے کریں گے۔ تمام ارکان اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتما د پیش کرنا اپوزیشن کا جبکہ اس کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔ پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کیا، حکومت نے کہیں نہیں روکا۔ لانگ مارچ کرنے والوں کو آئندہ بھی نہیں روکا جائے گا۔
مزیدخبریں