اپوزيشن جماعتوں کا دل سے شکریہ اداکرتا ہوں ،وزیراعظم

12:48 PM, 15 Mar, 2022

احمد علی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری پوری پارٹی کو اکٹھا کر دیا ہے اور اب تمام پارٹی 27 مارچ کو اسلام آباد کی طرف رخ کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان تینوں نے ملکر جو عدم اعتماد کی تحریک لائی ہے اب یہ تینوں کپتان کے نشانے پر آگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانی وہاں محنت کرکے ملک میں پیسہ بھیجتے ہیں اور یہاں کے حکمران ٹیکس کا پیسہ چوری کرکے لندن میں محلات بناتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس وقت کا انتظار کر رہے تھے اور شکر ہے اللہ کا کہ اپوزیشن نے انہیں یہ موقع دیا اور عدم اعتماد پیش کردی، اب یہ کپتان کے جال میں پھنس گئے ہیں، ان کی عدم اعتماد تو ناکام ہوگی ہی 2023 کے الیکشن سے بھی یہ لوگ گئے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے خطاب کہا کہ کس مائی کے لال میں کلیجہ ہے کہ 10 لاکھ کے مجمع سے گزر کر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اور واپس چلا جائے۔

اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو ڈی چوک کے ہجوم سے گزر کر جانے کی دھمکی دے دی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ابھی سے ڈر گئی ہے، عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی۔

مزیدخبریں