’عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہئے تھی‘
02:08 PM, 15 Mar, 2023
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہئے تھی ،گرفتاری تو بہادر لوگ دیتے ہیں ، توشہ خانہ پر سابق وزیر اعظم عمران خان سے پوچھیں جس نے چوری کی ہے ۔ لندن صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی چیئرمین عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ ہے ، وقار اس کے قریب سے بھی نہیں گزرا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتاری کے خوف سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سرکس لگائے بیٹھا ہے ،اس میں رتی بھر بھی بہادری ہوتی تو شرم سے ڈوب مرتا ۔ بزدلی اور بے غیرتی کا دھبہ لگوانے کی بجائے سیاست ہی چھوڑ دیتا ۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سے پیر کے روز اسلام آباد پولیس لاہور پہنچی تھی ، جہاں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا تھا ۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف آپشنز اور طریقہ کار پر غور کیا گیا تھا اور منگل کو اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی نفری کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے زمان پارک پہنچی تھی ۔لاہور پولیس کے مطابق قانونی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نےگذشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔ عمران خان گذشتہ روز طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تھے تاہم انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی تھی ۔ توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔