عمران خان نے بار بار قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں جواب دینا ہوگا،بلاول بھٹو

02:32 PM, 15 Mar, 2023

احمد علی
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بار بار قانون کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہیں جواب دینا ہو گا ، میرے خاندان اور پارٹی نے ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کیا ہے ۔ وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر ملک کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو عدالتوں میں بلایا جاتا ہے وہ پیش نہیں ہوتے ہیں ، انہوں نے خود کو بچانے کیلئے اپنے کارکنوں کو پولیس کے سامنے لا کھڑا کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنا ہو گی ، ہمیں غربت،موسمیاتی تبدیلی، معاشی حالات سے متعلق سوچ بچار کرنا ہے۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز درپیش ہیں، افغانستان اور خطےکی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔ خیال رہے کہ اسلام آباد اور لاہور پولیس کی جانب سے چیئرمین تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی گرفتاری کی کوششیں گذشتہ روز سے جاری ہیں ۔
مزیدخبریں