صدقہ فطر اور فدیہ کی کم از کم رقم مقرر کردی گئی

12:51 PM, 15 Mar, 2024

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان شریعہ بورڈ شیخ الحدیث پروفیسرڈاکٹر مفتی محمد ظفراقبال جلالی نے رواں سال کیلئے صدقہ فطر اورفدیہ کی کم از کم مقررہ رقم بتادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امسال صدقہ فطر کی کم سے کم رقم 300 روپے فی کس ہوگی جو کہ 2 کلو گندم کے آٹے کی قیمت کے برابرہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال کے مطابق بیماری کے باعث روزہ چھوڑنے کا فدیہ فی کس 300 روپے ہوگا۔

جو مسلمان کھجور، کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرانہ ادا کرناچاہیں ان کے لیے نصاب کچھ یوں ہوگا۔

جَو(4 کلو) فطرانہ اور ایک روزے کا فدیہ 600روپے ہے۔ کھجور(4 کلو) فطرانہ اورایک روزے کا فدیہ 2400روپے ہوگا۔ کشمش ( 4 کلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4400روپے ہے۔

روزہ توڑنے کاکفارہ 60 مساکین کو دووقت کا کھانا کھلانا ہے۔

چیئرمین شریعہ بورڈ کا کہنا ہے کہ روزہ کا فدیہ اس شخص کے لیے ہے جو دائمی مریض ہو یا روزہ رکھنے پر قادر نہ ہو اور بظاہر تندرست ہونے کی کوئی امید نہیں ہو۔ مسافر اورعارضی مریض روزے کی قضا کریں، فدیہ روزہ چھوڑنے کا بدل نہیں بن سکتا۔

اس سال بینک اکاؤنٹس اور ڈیپازٹس میں کم ازکم ایک لاکھ 35 ہزار 179 روپے پر زکوٰۃ منہا کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ فطر یا فطرانہ، خیرات سے متعلقہ اسلامی اصطلاح ہے۔ جسے رمضان کے روزوں میں لغو اور بیہودہ کلام کی طہارت کے لیے قراردیا گيا ہے۔ صدقہ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر یکم شوال المکرم کی صبح طلوع ہوتے ہی واجب ہو جاتا ہے، اس کی ادائیگی کا مستحب وقت نمازعید سے قبل کا ہے۔

مزیدخبریں